عدالت کا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی عمران خان سے ملاقات کروانے کا حکم

 — فائل فوٹو: ڈان

اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): اسلام آباد ہائی کورٹ نے اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سے سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان سے ملاقات کروانے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے جمعرات کے روز اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کی کہ وہ 24 مارچ کے حکم پر عملدرآمد کرے، جس کے تحت سابق وزیرِ اعظم عمران خان سے ہفتے میں دو بار ملاقاتوں کا شیڈول بحال کیا گیا تھا۔

یہ ہدایات اسلام آباد ہائی کورٹ کے بڑے بینچ کی جانب سے دی گئی ہیں جس کی سربراہی جسٹس محمد سرفراز ڈوگر کر رہے تھے، جب کہ بینچ میں جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس محمد اعظم خان بھی شامل تھے۔

بینچ نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے عمران خان کی جیل ملاقاتوں سے متعلق دائر کی گئی 11 درخواستوں کو مشترکہ طور پر سنا، سابق وزیرِ اعظم کے اہلِ خانہ اور پارٹی کی جانب سے بارہا الزام لگایا گیا ہے کہ جیل حکام ملاقاتوں میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں۔

سماعت کے دوران، اسلام آباد ہائی کورٹ نے عدالت میں موجود اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ عبدالغفور انجم کو ہدایت دی کہ وہ عمران خان کی ملاقاتوں کی اجازت پہلے سے جاری حکم کے مطابق دیں، تاہم معیاری ضابطہ کار (ایس او پیز) پر عملدرآمد بھی یقینی بنایا جائے۔

عدالت نے جیل حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ ملاقاتوں کو پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا کی فراہم کردہ فہرست کے مطابق ممکن بنایا جائے، اس موقع پر سلمان اکرم راجا نے بینچ کے سامنے اپنے دلائل بھی پیش کیے۔

بینچ کے سامنے پیش کی گئی درخواستوں میں خیبر پختونخوا کے نئے منتخب وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی کی درخواست بھی شامل تھی، جو سماعت میں خود موجود تھے۔

سماعت کے اختتام کے فوراً بعد ان کے دفتر کی جانب سے ایکس پر بتایا گیا کہ وہ عمران خان سے ملاقات کی کوشش کے لیے اڈیالہ جیل روانہ ہو گئے ہیں۔

عدالت نے پنجاب حکومت کی جانب سے دائر کی گئی اس درخواست کی بھی سماعت کی، جس میں پاکستان پریزن رولز 1978 پر عملدرآمد کی استدعا کی گئی تھی، اس موقع پر پنجاب کے ایڈووکیٹ جنرل امجد پرویز نے دلائل پیش کیے۔

عدالت نے ایک ایسی اپیل بھی سنی جس میں جیل ملاقاتوں کے دوران سیاسی گفتگو پر پابندی کو چیلنج کیا گیا تھا۔

سماعت کے دوران ایک موقع پر راولپنڈی پولیس بھی عدالت میں پیش ہوئی تاکہ عمران خان کی بہن علیمہ خانم سے 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق کیس میں جاری ناقابلِ ضمانت گرفتاری وارنٹ پر دستخط کروائے جا سکیں۔

واضح رہے کہ 16 اکتوبر کو وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو سربراہ پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں مل سکی تھی، جس پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے عمران خان سے ملاقات کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا تھا۔

جدید تر اس سے پرانی