
اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کے ایکس اکاونٹ بند کرنے کی درخواست 4 نومبر سماعت کے لیے مقرر کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس سے کاز لسٹ جاری کر دی گئی ہے جس کے مطابق جسٹس ارباب محمد طاہر 4 نومبر کو بانی پی ٹی آئی ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کے حوالے سے درخواست پر سماعت کریں گے۔
درخواست گزار شہری غلام مرتضیٰ نے وکیل بیرسٹر ظفر اللہ کے ذریعے درخواست دائر کر رکھی ہے جس میں دوران قید ایکس اکاؤنٹ سے مبینہ انتشاری پوسٹس ہٹانے اور پھیلانے سے روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست گزار کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کی غیر قانونی اور بدنیتی پر مبنی ٹوئٹس ہٹانے اور بلاک کرنے کی استدعا بھی کی گئی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کر رکھا ہے جب کہ عدالت نے نیشنل سائبر کرائم ایجنسی، سپرٹینڈنٹ جیل سمیت دیگر فریقین سے بھی جواب طلب کر رکھا ہے۔
یکم اکتوبر کو نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی جابن سے 21 نکاتی سوال نامہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے حوالے کر دیا، ان سے تفتیش سوال نامے کے تحریری جواب کی روشنی میں کی جائے گی۔
این سی سی آئی اے کی تفتیشی ٹیم 2 مرتبہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرچکی ہے، تاہم بانی پی ٹی آئی عمران خان نے جیل میں این سی سی آئی اے کی ٹیم سے تعاون نہیں کیا۔
ذرائع کے مطابق این سی سی آئی اے نے سوال کیا ہے کہ جیل میں ہونے کے باوجود آپ کا ایکس اکاؤنٹ فعال کیسے ہے؟
ایک اور سوال میں استفسار کیا گیا ہے کہ آپ کا ایکس (ٹوئٹر) کہاں سے اور کون آپریٹ کرتا ہے؟ کیا ذاتی ایکس اکاؤنٹ سے ہونے والی پوسٹس تسلیم کرتے ہیں؟
ایک سوال میں پوچھا گیا ہے کہ کیا ملک مخالف ٹوئٹس آپ کی مرضی سے پوسٹ کی جاتی ہیں؟