لاہور (آئی آر کے نیوز): انسداد دہشتگردی عدالت لاہور میں جناح ہاؤس حملہ کیس کے ملزم اور علیمہ خان کے بیٹے شیرشاہ کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق عدالت کے جج منظر علی گل نے کیس کی سماعت کی جس میں ملزم شیرشاہ کے وکلا اور ان کے والد سہیل امیر نیازی بھی پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران پراسیکیوشن کی جانب سے کیس کا ریکارڈ ایک بار پھر عدالت میں پیش نہیں کیا گیا جس پر جج نے برہمی کا اظہار کیا۔
پراسیکیوشن کا مؤقف تھا کہ کیس کا ریکارڈ اس وقت ہائیکورٹ میں ہے، اس کے بغیر دلائل نہیں دیے جا سکتے۔ عدالت نے تفتیشی افسر ڈی ایس پی جاوید کو ریکارڈ پیش کرنے کا پابند کرنے کی ہدایت دی۔
ایڈووکیٹ رانا مدثر نے عدالت سے استدعا کی کہ ریکارڈ کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ سماعت آگے بڑھ سکے۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 4 ستمبر تک ملتوی کر دی۔