مڈل آرڈر بلے باز آصف علی کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

 Asif Ali among nominees for ICC Player of the Month award

لاہور (اسپورٹس ڈیسک): پاکستان کے مڈل آرڈر بلے باز آصف علی نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، انہوں نے پاکستان کی نمائندگی کوزندگی کا سب سے بڑا اعزاز قرار دیا ہے۔

33 سالہ آصف نے اپنے کیریئر میں زیادہ تر مڈل آرڈر میں فنشر کے طور پر21 ون ڈے اور 58 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کی جرسی پہننا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا، اور اپنے ملک کی خدمت کرنا میرا سب سے فخر کا باب ہے، اپنے مداحوں، ساتھی کھلاڑیوں اور کوچز کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہر مشکل اور آسان وقت میں میرا ساتھ دیا‘۔

انہوں نے 2018 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کیا، اس سے قبل پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا، اسی سال 2 ماہ بعد ون ڈے کرکٹ میں بھی ڈیبیو کیا۔

آصف علی نے اپنی بیٹی کے انتقال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’خوشی کے لمحات ہوں یا ورلڈ کپ کے دوران بیٹی کے انتقال جیسا کڑا امتحان، میرے گھر والوں اور دوستوں کی طاقت نے ہمیشہ میرا حوصلہ بڑھایا‘۔

انہوں نے کہا کہ وہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی ڈومیسٹک کرکٹ اور دنیا بھر کی لیگز میں کھیلتے رہیں گے۔

آصف علی کا شمار ان کھلاڑیوں میں ہوتا ہے جو بڑے میچوں میں جارحانہ بیٹنگ کے باعث شہرت رکھتے ہیں، وہ ایشیا کپ میں افغانستان کے فرید احمد کے ساتھ آن فیلڈ جھڑپ کے باعث آئی سی سی کی جانب سے جرمانے کا سامنا بھی کر چکے ہیں۔

جدید تر اس سے پرانی