لاہور (آئی آر کے نیوز): پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور سیلاب کی صورتحال اور جاری امدادی اور ریسکیو آپریشنز کا جائزہ لیا، سیلاب متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کا ریسکیو ایند ریلیف آپریشن بھی جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور سیالکوٹ سیکٹر، شکرگڑھ، نارووال اور کرتارپور میں سیلاب کی صورتحال اور جاری امدادی اور ریسکیو آپریشنز کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر کور کمانڈر گوجرانوالہ نے ان کا استقبال کیا، فیلڈ مارشل کو موجودہ صورتحال اور آئندہ بارشوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی، انہوں نے فوج اور سول انتظامیہ کی مشترکہ کوششوں کو سراہا۔
اس موقع پر آرمی چیف نے متاثرہ سکھ برادری سے ملاقات کی اور یقین دہانی کرائی کہ سیلاب سے متاثرہ تمام مذہبی مقامات، بشمول دربار صاحب کرتارپور کو ترجیحی بنیاد پر مکمل طور پر بحال کیا جائے گا۔
فیلڈ مارشل نے زور دیا کہ اقلیتوں اور ان کے مذہبی مقامات کا تحفظ ریاست اور اس کے اداروں کی ذمہ داری ہے اور پاکستان اس ذمہ داری کو پورا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔
سکھ برادری نے سول انتظامیہ اور فوج کی طرف سے فراہم کردہ سہولیات پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا، آرمی چیف نے دربار صاحب کرتارپور کا فضائی جائزہ بھی لیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل نے سول انتظامیہ کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران ان کے فعال کردار کی تعریف کی جس سے جانی و مالی نقصانات کو کم سے کم کرنے میں مدد ملی۔
پاک فوج کا ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری
دریں اثنا، صوبہ پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کا ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ہے، پاک فوج کی 6 ریسکیو ٹیمیں دریائے ستلج اور دریائے راوی پر امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہیڈ سلیمانکی اور اٹاری کے مقامات پر پاک فوج کی ٹیمیں کشتیوں کے ذریعے متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہی ہیں۔