یوٹیوب کی مونیٹائزیشن پالیسی میں بڑی تبدیلی کا امکان

Youtube Monetization Policy Update 2025 What Creators Need To Know

کیلیفورنیا (آئی آر کے نیوز): ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے عندیہ دیا ہے کہ وہ اپنی مونیٹائزیشن پالیسی میں اہم تبدیلیاں لانے جا رہا ہے، جن کے تحت مواد تخلیق کاروں کو بہتر اور شفاف طریقے سے آمدنی کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، تاہم کچھ اقسام کے مواد کے لیے کمائی کے امکانات محدود ہو سکتے ہیں۔

ٹیکنالوجی ذرائع کے مطابق یوٹیوب کی نئی پالیسی رواں ماہ جولائی کے وسط تک متعارف کرائی جائے گی، جس میں خاص طور پر مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) سے تیار کیے گئے مواد اور بار بار اپ لوڈ کیے جانے والے ویڈیوز کو مونیٹائز کرنا دشوار بنایا جا سکتا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ یوٹیوب انتظامیہ کم معیار کے ویڈیوز سے پیسہ کمانے کے عمل کو بھی محدود کرنے پر غور کر رہی ہے تاکہ ناظرین کو بہتر اور معیاری مواد فراہم کیا جا سکے۔

پالیسی میں ممکنہ تبدیلیوں کے بعد یوٹیوب صارفین میں تشویش پائی جا رہی ہے کہ کہیں ری ایکشن ویڈیوز بھی ان پابندیوں کی زد میں نہ آ جائیں، کیوں کہ بڑی تعداد میں یوٹیوبرز اپنی آمدنی کا انحصار انہی ویڈیوز پر کرتے ہیں۔

تاہم یوٹیوب کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے اس خدشے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ری ایکشن ویڈیوز پر کوئی پابندی نہیں لگائی جا رہی، نئی پالیسی کا اطلاق صرف ان ویڈیوز پر ہو گا جو غیر معیاری، مشینی انداز میں تیار کردہ یا بار بار دہرائے گئے مواد پر مبنی ہوں۔

یوٹیوب کی جانب سے جلد ہی نئی پالیسی کا باضابطہ اعلان متوقع ہے، جس کے بعد تخلیق کاروں کو اپنی حکمتِ عملی میں ردوبدل کرنا پڑ سکتا ہے تاکہ وہ پلیٹ فارم کی نئی ہدایات کے مطابق مونیٹائزیشن جاری رکھ سکیں۔

جدید تر اس سے پرانی