پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کے نیٹ ورک کا ماسٹر مائنڈ اجیت دوول ہے: ترجمان پاک فوج

— فوٹو: آئی ایس پی آر

اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت منظم منصوبہ بندی کے تحت پاکستان میں دہشتگردی کو فروغ دے رہا ہے اور اس ریاستی دہشتگردی کے نیٹ ورک کا ماسٹر مائنڈ اجیت دوول ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام مکمل طور پر محفوظ اور ناقابلِ تسخیر ہے، کسی کو بھی ہماری جوہری صلاحیت کو چیلنج کرنے کی جرات نہیں ہو سکتی۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کو دیے گئے انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ وزیرستان میں ہونے والے حالیہ دہشتگرد حملے، جن میں 16 فوجی شہید ہوئے، اس بات کا ثبوت ہیں کہ بھارت پاکستان میں تخریب کاری میں براہ راست ملوث ہے۔ حملے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے قبول کی تھی، جسے ترجمان پاک فوج نے "فتنۃ الخوارج" کا نام دیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ "خوارج" کی اصطلاح ان گروہوں کے لیے استعمال ہو رہی ہے جو ریاست، فوج اور عوام پر حملے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان دہشتگردوں کا اسلام، انسانیت یا پاکستانی روایات سے کوئی تعلق نہیں۔ ان کے بقول جہاد کا اختیار صرف ریاست کو حاصل ہے، کوئی فرد، گروہ یا تنظیم اس کی مجاز نہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بھارت بلوچستان سمیت پاکستان کے دیگر علاقوں میں دہشتگرد عناصر کی پشت پناہی کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فتنۃ الہندوستان کی اصطلاح ان گروہوں کے لیے استعمال کی جا رہی ہے جو بھارتی سرپرستی میں پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے کئی ممالک، جن میں امریکا اور کینیڈا شامل ہیں، کھلے عام بھارت کی ریاستی دہشتگردی کو تسلیم کر چکے ہیں۔ ترجمان پاک فوج نے اس موقع پر ایران کے ساتھ اسرائیلی حملوں کے خلاف پاکستان کی سیاسی و سفارتی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے دوٹوک انداز میں کہا کہ پاکستان کی جوہری صلاحیت خطے میں طاقت کا توازن برقرار رکھنے کے لیے نہایت اہم ہے، یہ مکمل طور پر محفوظ اور بین الاقوامی اصولوں کے مطابق ہے، کسی کو بھی اسے نشانہ بنانے کا خیال تک نہیں آنا چاہیے۔

جدید تر اس سے پرانی