نئی دہلی (ویب ڈیسک): بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر اور انڈین پریمیئر لیگ میں رائل چیلنجرز بنگلور کی نمائندگی کرنے والے یش دیال کے خلاف ایک خاتون کی جانب سے زیادتی اور استحصال کے الزامات کے بعد مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق غازی آباد سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے الزام عائد کیا ہے کہ یش دیال نے پانچ سالہ تعلق کے دوران نہ صرف جسمانی اور ذہنی تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ شادی کا جھانسہ دے کر مالی طور پر بھی استحصال کیا۔ متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ یش دیال نے مسلسل وعدے کیے، مگر آخرکار رشتہ نبھانے سے انکار کر دیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خاتون کی شکایت پر مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، اور شواہد کی روشنی میں قانونی کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق اگر الزامات ثابت ہو جاتے ہیں تو کرکٹر کو بھارتی قوانین کے تحت دس سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
تاحال یش دیال یا ان کے نمائندوں کی جانب سے اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔ کرکٹ حلقوں میں یہ معاملہ خاصی توجہ حاصل کر رہا ہے، اور اس کے اثرات ان کے کیریئر پر بھی پڑ سکتے ہیں۔