اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): پاکستان کی سیاست میں ایک نیا موڑ اس وقت سامنے آیا جب سابق وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ اور معروف سماجی شخصیت ریحام خان نے اپنی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ریحام خان نے بتایا کہ ان کی جماعت کا نام پاکستان ریپبلک پارٹی رکھا گیا ہے، جو عوام کی آواز بن کر ملکی سیاسی منظرنامے پر نئی جہت پیدا کرے گی۔
ریحام خان کا کہنا تھا کہ پاکستان ریپبلک پارٹی صرف ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک عوامی تحریک ہوگی، جو حقیقی مسائل کے حل کے لیے مؤثر اور بامعنی جدوجہد کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں رائج فرسودہ نظام اور روایتی سیاست سے نجات دلانا وقت کی اہم ضرورت ہے، اور ان کی جماعت اس خلا کو پُر کرنے کی کوشش کرے گی۔ ان کے مطابق نئی سیاسی جماعت حکمرانوں کا احتساب کرے گی اور عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔
واضح رہے کہ ریحام خان ماضی میں عمران خان پر تنقید اور سیاسی تبصرے کرتی رہی ہیں، اور اب اپنے عملی سیاسی سفر کا آغاز کر کے ایک نیا باب رقم کر رہی ہیں۔