پی ٹی آئی کا اگست میں ملک گیر احتجاج کا اعلان، 90 روزہ تحریک کی تیاری شروع

تحریک انصاف کا اگست میں بڑے احتجاج کا اعلان، تیاریاں شروع

اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): پاکستان تحریک انصاف نے اگست میں بڑے پیمانے پر ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ پارٹی کے مرکزی رہنما اور چیف وہپ عامر ڈوگر نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ احتجاج کی باقاعدہ تیاریاں جاری ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل سماء نیوز سے خصوصی گفتگو میں عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی تحریک کا بنیادی مقصد بانی چیئرمین کی رہائی کو یقینی بنانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی جانب سے دیے گئے 90 روز کے بیان کا مقصد بھی اسی سلسلے میں ایک واضح ڈیڈ لائن دینا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اعلان کیا تھا کہ پارٹی 90 روزہ تحریک کا آغاز کر رہی ہے، جو ’’آر یا پار‘‘ کی بنیاد پر چلائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت میں رہیں یا نہ رہیں، پارٹی قیادت ملک کے کونے کونے میں جائے گی اور عوام کو متحرک کرے گی۔

عامر ڈوگر نے مزید کہا کہ لاہور میں ہونے والے حالیہ مشاورتی اجلاس میں پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کو ضرور شریک ہونا چاہیے تھا۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ لاہور میں پارٹی ارکانِ پارلیمنٹ کی سرگرمیوں پر پارٹی میں مکمل اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔

تحریک انصاف کی جانب سے شروع کی جانے والی مجوزہ تحریک کو موجودہ سیاسی صورتحال میں ایک اہم موڑ قرار دیا جا رہا ہے، جس سے ملکی سیاست میں نئی ہلچل پیدا ہونے کے امکانات ہیں۔

جدید تر اس سے پرانی