پشاور (آئی آر کے نیوز): الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا سے سینیٹ کی 11 خالی نشستوں کے لیے 21 جولائی کو ہونے والے انتخاب کے لیے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی ہے، جس کے مطابق مختلف سیاسی جماعتوں اور آزاد حیثیت سے تعلق رکھنے والے 16 امیدوار میدان میں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق سینیٹ کی خالی نشستوں پر پولنگ 21 جولائی کو صوبائی اسمبلی میں ہوگی، جہاں جنرل، خواتین اور ٹیکنوکریٹ/علماء کی مخصوص نشستوں پر مقابلہ ہوگا۔
جنرل نشستوں کے لیے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے عطاء الحق، پاکستان پیپلز پارٹی کے طلحہٰ محمود، اور مسلم لیگ (ن) کے نیاز احمد امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ ان کے علاوہ سابق وفاقی وزراء مراد سعید، اعظم سواتی اور نورالحق قادری سمیت فیصل جاوید، مرزا محمد آفریدی، محمد وقاص، دلاور خان، فیض الرحمان، عرفان سلیم، شفقت ایاز، خرم ذیشان، اظہر قاضی اور آصف رفیق آزاد حیثیت میں قسمت آزمائیں گے۔
خواتین کی دو مخصوص نشستوں پر بھی دلچسپ مقابلے کی توقع ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے روبینہ خالد اور روبینہ ناز میدان میں ہیں، جب کہ عائشہ بانو اور مہوش علی آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں۔
دوسری جانب ٹیکنوکریٹ اور علماء کی دو نشستوں پر چھ امیدوار سامنے آئے ہیں۔ جے یو آئی (ف) کی جانب سے دلاور خان امیدوار ہیں، جب کہ خالد مسعود، ارشاد حسین، اعظم سواتی، نورالحق قادری اور وقاص احمد قاضی آزاد حیثیت سے مدمقابل ہوں گے۔
الیکشن کمیشن نے تمام امیدواروں کو انتخابی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی ہے۔ انتخابی عمل کے دوران پولنگ، ووٹوں کی گنتی اور نتائج کے اعلان تک کا مکمل طریقہ کار بھی جلد جاری کیا جائے گا۔