ریاض (آئی آر کے نیوز): سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ہدایت جاری کی ہیں کہ ایران میں حالات معمول پر آنے تک ایرانی زائرین ہمارے مہمان ہیں، انہیں تمام سہولیات فراہم کی جائیں۔
تفصیلات کے مطابق شاہ سلمان نے جمعے کو سعودی حکام کو ہدایت کی کہ مملکت میں پھنسے ہوئے ایرانی حجاج کو ہر ضروری مدد فراہم کی جائے جب تک کہ ان کے لیے بحفاظت وطن واپسی ممکن نہ ہو۔
یہ ہدایت اسرائیلی حکام کی جانب سے ایران کے خلاف صبح سویرے فضائی حملوں کے فوراً بعد سامنے آئی۔
یاد رہے کہ اسرائیل نے ایران کے جوہری تنصیبات سمیت دیگر مقامات پر حملے کیے جس کے نتیجے میں ایرانی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری اور ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی سمیت 4 اعلیٰ فوجی افسران اور 6 جوہری سائنسدان شہید ہوگئے۔
اسرائیل نے حملے میں ایران کے جوہری اور عسکری مراکز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے جب کہ ایرانی میڈیا کے مطابق حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت 78 شہری شہید اور 50 زخمی ہوئے ہیں۔
بعد ازاں، ایران نے ان حملوں کے بعد ملک کی فضائی حدود بند کردی ہیں۔