جیل میں قید پی ٹی آئی رہنماؤں کا مشترکہ خط

 pti leaders shah mahmood qureshi l and yasmin rashid r photo file

اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جیل میں قید رہنماؤں نے وزیر دفاع خواجہ آصف کے حالیہ بیان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا موجودہ نظام کو ’ہائبرڈ ماڈل‘ کہنا ملک میں رائج جعلی جمہوریت کی عکاسی کرتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کوٹ لکھپت جیل سے جاری کیے گئے اس مشترکہ کھلے خط پر سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سابق صوبائی وزرا ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید، سینیٹر اعجاز چوہدری اور سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کے دستخط ہیں۔

 

https://x.com/PTIofficial/status/1937133048471982236 

 

خط میں کہا گیا ہے کہ خواجہ آصف کا بیان دراصل جمہوریت کی توہین ہے، اور یہ تاثر دیا گیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اس نظام کی اصل پشت پناہی کر رہی ہے، کیونکہ خواجہ آصف خود اس جماعت کے مرکزی ترجمانوں میں شمار ہوتے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنماؤں نے مزید کہا کہ 8 فروری 2024 کو پاکستانی عوام نے تحریک انصاف کو واضح مینڈیٹ دیا، مگر اقتدار کی ہوس میں مبتلا مسلم لیگ (ن) نے الیکشن کمیشن، عبوری حکومت اور دیگر اداروں کی مدد سے انتخابات میں دھاندلی کی، جس کے نتیجے میں ’فارم 47 حکومت‘ وجود میں آئی، جو درحقیقت ایک ہائبرڈ نظام ہے۔

خط میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبیل انعام کے لیے نامزد کرنے کے فیصلے پر بھی تنقید کی گئی۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پاکستان کی موجودہ حکومت کی طرف سے کی گئی یہ ’سفارتی غلطی‘ اس وقت اور واضح ہوگئی جب اگلے ہی روز امریکی افواج نے ٹرمپ کے حکم پر ایران پر بمباری کی۔

انہوں نے وزارت خارجہ کے اس بیان کا حوالہ بھی دیا جس میں کہا گیا تھا کہ پاکستان غزہ میں اسرائیلی نسل کشی اور ایران پر مسلط کی گئی جنگ کی مذمت کرتا ہے، لیکن پی ٹی آئی رہنماؤں کے مطابق یہ بیانات محض عوام کو بہلانے کے لیے جاری کیے جا رہے ہیں۔

پی ٹی آئی کے قیدی رہنماؤں نے کہا کہ آج پاکستان کے عوام غزہ اور ایران کے ساتھ کھڑے ہیں، اور یہ توقع رکھتے ہیں کہ ملک دوبارہ کسی بیرونی جنگ میں فرنٹ لائن اسٹیٹ نہ بنے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ہم پہلے ہی جنرل ضیا الحق اور پرویز مشرف کے ادوار میں افغانستان کی جنگوں کے نتیجے میں بھاری نقصانات اٹھا چکے ہیں۔

اپنے خط کے اختتام پر انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مکالمے، امن اور باہمی احترام پر یقین رکھتے ہیں، اور موجودہ جبر پر مبنی نظام کو عوام کی طاقت سے بے نقاب کریں گے۔

 

جدید تر اس سے پرانی