کراچی (آئی آر کے نیوز): کراچی میں آج صبح ایک مرتبہ پھر معمولی نوعیت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، یکم جون سے اب تک شہر میں زلزلے کے 32 جھٹکے محسوس کیے جاچکے ہیں۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق کراچی میں آج صبح 8 بجکر 32 منٹ پر پھر زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، جس کی شدت 1.5 ریکارڈ کی گئی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز ملیر کے شمال مغرب میں 7 کلو میٹر کے فاصلے پر 10 کلو میٹر گہرائی میں تھا۔
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے ملیر میں اتوار سے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جارہے ہیں جن کی زیادہ سے زیادہ 3.6 ریکارڈ کی گئی، آج زلزلے کا 32واں جھٹکا محسوس کیا گیا ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ مہرصاحبزاد خان نے ڈان نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ شہر میں معمولی نوعیت کے جھٹکے آئندہ 2 سے 3 روز تک محسوس کیے جاسکتے ہیں، تاہم ان جھٹکوں کی شدت میں بتدریج کمی کے ساتھ ساتھ صورتحال بہتر ہوتی دکھائی دے گی، شہریوں کو اس سلسلے میں گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔