فنکاروں کا کام جنگیں لڑنا نہیں ہوتا، وہ سرحدوں سے آگے ہوتے ہیں: ثنا نواز

 —اسکرین شاٹ

لندن (آئی آر کے نیوز): ماضی کی مقبول فلمی اداکارہ و ماڈل ثنا نواز نے کہا ہے کہ فنکاروں کی کوئی سرحد نہیں ہوتی، ان کا کام جنگیں لڑنا نہیں ہوتا، وہ سرحدوں سے آگے ہوتے ہیں۔

ثنا نواز نے لندن میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری تنازع پر بات کرتے ہوئے فنکاروں کے کردار پر بھی بات کی۔

ان کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں انہوں نے ممالک کے درمیان کشیدگی اور جنگ کے وقت فنکاروں کے کام اور کردار پر بات کی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ فنکار امن کے سفیر ہوتے ہیں، ان کا کام لڑنا نہیں ہوتا، وہ سرحدوں کی قید سے آزاد ہوتے ہیں۔

ثنا نواز کے مطابق فنکاروں کے لیے سب سے مشکل بات یہ ہے کہ اگر وہ کسی معاملے پر بات کرتے ہیں تو بھی ان پر تنقید کی جاتی ہے اور اگر وہ خاموش رہتے ہیں، تو بھی انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ اگرچہ فنکار سرحد کی قید سے آزاد ہوتے ہیں، وہ سرحدوں سے آگے ہوتے ہیں لیکن اس باوجود ہر اداکار پر اپنے ملک کی حفاظت کرنا اور ملک کے حق میں بات کرنا ان کا فرض ہے۔

ثنا نواز کا کہنا کہنا تھا کہ جہاں ملک اور اپنے وطن کی بات آتی ہے، وہاں فنکاروں کو اپنے ملک کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے، اس میں کوئی شک نہیں۔

اداکارہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری تنازع کو دونوں ممالک کے لیے مشکل ترین وقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاک- بھارت کشیدگی انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے لیکن فنکاروں کا کام لڑنا نہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ فنکار عوام کے دلوں میں بستے ہیں، وہ سرحد کی قید سے آزاد ہوتے ہیں، وہ سرحدوں سے آگے ہیں، وہ امن اور محبت کے سفیر ہوتے ہیں۔

 

جدید تر اس سے پرانی