بھارت کی جانب سے پاکستانی شوبز شخصیات کے انسٹاگرام اکاؤنٹس کو بلاک کیے جانے کے بعد پاکستانی اداکاروں نے اپنے بھارتی مداحوں کو ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورکس (وی پی این) استعمال کرنے کا مشورہ دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی حکومت نے متعدد پاکستانی شوبز شخصیات کے
انسٹاگرام اکاؤنٹ کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے انہیں اپنے ملک میں
بلاک کیا ہے۔
بھارتی حکومت کی جانب فواد خان، ماہرہ خان، ہانیہ عامر، علی ظفر، بلال
عباس خان، سجل علی، اقرا عزیز، منشا پاشا، اشنا شاہ، صبا قمر اور علی گل پیر سمیت
دیگر شخصیات کے اکاؤنٹس کو بلاک کیا گیا۔
ممکنہ طور پر بھارتی حکومت نے دیگر پاکستانی فنکاروں کے بھی انسٹاگرام
اکاؤنٹس بلاک کیے ہوں گے، تاہم فوری طور پر تمام اداکاروں کے بلاک اکاؤنٹس کی
فہرست سامنے نہیں آ سکی۔
پاکستانی شوبز شخصیات کے انسٹاگرام پر میسیج دیا جا رہا ہے کہ مذکورہ
اکاؤنٹس کو بھارتی حکومت کی قانونی درخواست پر بلاک کیا گیا۔
بھارتی حکومت کے ایسے رویے کے بعد اب پاکستانی شوبز شخصیات نے اپنے
بھارتی مداحوں کو وی پی این استعمال کرنے کا مشورہ دے دیا۔
اداکارہ منشا پاشا نے بھارت میں اپنا انسٹاگرام بلاک کیے جانے کا
اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے مودی سرکار کا مذاق بھی اڑایا۔
اداکارہ اشنا شاہ نے بھی اپنے انسٹاگرام بلاک کیے جانے کا اسکریٹ شاٹ
شیئر کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے شکوہ کیا کہ
انہوں نے یہ کیا کردیا؟ اداکارہ کی دنیا ہی اجڑ گئی!
اداکار و کامیڈین علی گل پیر نے بھی اپنے بھارتی مداحوں کو وی پی این
استعمال کرنے کا مشورہ دیا۔
اداکار ارسلان نصیر نے بھی اپنا اکاؤنٹ بلاک کیے جانے پر نریندر مودی
کے لیے مزاحیہ اسٹوری شیئر کی۔
داکار یاسر حسین نے بھارت کی جانب سے شخصیات کے انسٹاگرام اکاؤنٹس
بلاک کرنے پر لکھا کہ جس طرح پاکستانیوں نے بھارتی جنگ کی دھمکیوں پر میمز کی
بھرمار کی، اسی طرح شخصیات کے اکاؤنٹس بلاک کرنے پر بھی خاموشی اختیار کرنی
چاہیے۔
اداکارہ ژالے سرحدی نے بھی بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستانی اداکاروں
کے انسٹاگرام اکاؤنٹس بند کیے جانے پر مزاحیہ انداز میں انسٹاگرام اسٹوری شیئر کی
اور بھارتی مداحوں کو وی پی این استعمال کرنے کا مشورہ بھی دیا۔
دوسری جانب سے بھارتی مداحوں کی جانب سے بھی پاکستانی شوبز شخصیات کے
انسٹاگرام اکاؤنٹس کو بلاک کیے جانے پر مزاحیہ پوسٹس اور میمز شیئر کی گئیں اور
زیادہ تر لوگوں نے کہا کہ انہیں پاکستانی اداکاروں کے اکاؤنٹس بلاک کیے جانے سے
کوئی فرق نہیں پڑا، وہ وی پی این کا استعمال کر رہے ہیں۔