پاکستان سپر لیگ پھر سے رنگ جمانے کو تیار: اچھی خبر

 

لاہور (آئی آر کے نیوز): پاکستان سپر لیگ پھر سے رنگ جمانے کو تیار ہے، ایونٹ کو ری شیڈول کرنے کیلیے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔

  پیر کو بھی اس سلسلے میں اہم اجلاس ہوں گا، ملتان سلطانز نے اپنا باقی بچنے والا ایک میچ مقامی کھلاڑیوں کے ساتھ ہی کھیلنے کا فیصلہ کرلیا، ٹیموں کو اپنے غیرملکی کھلاڑیوں کو واپس بلانے کی ہدایت پہلے ہی کی جا چکی ہے، کسی پر واپسی کیلیے دباؤ نہیں ڈالا جائے گا، عدم دستیاب پلیئرز کی جگہ ملکی اسٹارز سے ہی پر کی جائے گی۔ لیگ کے فائنل سمیت 8 میچز کے پاکستان میں ہی انعقاد کو یقینی بنایا جارہا ہے، تمام مقابلے ایک ہی وینیو پر بھی ہوسکتے ہیں۔ 

پی ایس ایل کا 10 واں ایڈیشن بھارت کی جانب سے جارحیت کی وجہ سے اس وقت ملتوی کیا گیا جب اس کا 27 واں میچ راولپنڈی میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے ساتھ 8 مئی شیڈول تھا، اسی روز صبح کو اسٹیڈیم کی حدود میں بھارت کی جانب سے بھیجا گیا ایک ڈرون بھی گرکر تباہ ہوا تھا۔

 معاملے کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے ٹورنامنٹ کو معطل کردیا گیا، پہلے باقی 8 میچز دبئی میں منعقد کرنے کا فیصلہ ہوا مگر پھر پی سی بی نے صورتحال اور حکومتی مشورے پر ٹورنامنٹ کو غیرمعینہ مدت کیلیے ملتوی کردیا  تاہم بھارت کے ساتھ جنگ بندی کے بعد صورتحال میں بہتری پر اب پی ایس ایل کو ری شیڈول کرنے کیلیے مشاورت کا آغاز کردیا گیا ہے۔

اس بارے میں پیر کے روز اجلاس متوقع ہے جس میں ٹورنامنٹ کی بحالی کے حوالے سے حتمی فیصلہ سامنے آسکتا ہے۔ ادھر ملتان سلطانز  نے غیرملکی کھلاڑیوں کے بجائے ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ ہی اپنا باقی ایک میچ  کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 

جدید تر اس سے پرانی