راولپنڈی (آئی آر کے نیوز): پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ آپریشن بنیان مرصوص بھارت کے خلاف افواج پاکستان اور قوم کی متحدہ مزاحمت تھی، ابھی افواج نے اس جارحیت کے خلاف مکمل طاقت استعمال ہی نہیں کی۔
عرب ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ ہم ہمیشہ کہتے ہیں کہ یہ جنگ ہماری ہے مگر فتح اللہ تعالیٰ کی ہے، پاکستان کی گلیوں، شہروں میں جائیں تو عوام کے چہروں پر جواب موجود ہے، یہ ایک سچائی کی جنگ معرکۂ حق ہے، پاکستان نے جھوٹ، فریب، جبر اور بھارتی جارحیت کا پردہ چاک کیا۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام کے بعد بھارت ایک من گھڑت کہانی لے کر آیا، پاکستان نے صرف ایک بات کہی اگر آپ کے پاس ثبوت ہے تو سامنے لائیں، اگر آپ کے پاس ہمارے کسی شہری یا ریاست سے تعلق کا ثبوت ہے تو سامنے لائیں، ثبوت عالمی برادری یا کسی تیسرے قابل اعتماد فریق کے سامنے رکھیں، ثبوت سامنے لائیں تاکہ شفاف تحقیقات ہو سکیں، بھارت کے پاس کوئی جواب نہیں تھا، اور آج تک نہیں ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا دنیا نے دیکھا کہ بھارت کا میڈیا اور ریاست معلومات کی جنگ میں جھوٹ بول رہے تھے، کیا پاکستان نے اس تنازع میں کسی صحافی کو جیل میں ڈالا؟ بالکل نہیں، چند دن پہلے بھارتی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ تفتیش ابھی جاری ہے، 6 اور 7 مئی کو جو انہوں نے کیا، اس پر بھی ان کے پاس اخلاقی جواز نہیں ہے۔
سول آبادی یا مذہبی مقامات پر حملوں سے متعلق بھارتی الزامات سے متعلق سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا بھارت کے پاس بہت ترقی یافتہ تھیٹر، فلم انڈسٹری ہے، بھارتی فلم انڈسٹری پاکستان سے کہیں آگے ہے، اسی لیے وہ نت نئے بیانیے گھڑتے رہتے ہیں، یہ ہمارے کلچر، اقدار اور مذہب کے منافی ہے کہ مذہبی یا سویلین مقام پر حملہ کریں۔
ان کا کہنا تھا ہمیں اپنی فضائیہ اور پائلٹس پر فخر ہے، نہ صرف آرمی، ایئر فورس، نیوی میں ہم آہنگی ہے بلکہ سیاسی قیادت، عوام میں بھی ہم آہنگی دیکھی، آہنی دیوار ’’بنیان مرصوص‘‘ بھارتی جارحیت کے خلاف متحدہ مزاحمت تھی۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ جے ایف-17 تھنڈر،جے-10 سی، فتح ون، فتح ٹو میزائل، یہ سب پاکستان کی تکنیکی ترقی کی مثالیں ہیں، ہم نے اپنی روایتی افواج کی مکمل طاقت ابھی استعمال ہی نہیں کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ فوج کا بڑاحصہ بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردی کے خلاف مصروف ہے، بلوچستان اورکے پی میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خلاف مصروف ہیں، دنیا جانتی ہے کہ بھارت اس خطے میں دہشت گردی سب سے بڑا کا سرپرست ہے، ہم نے ان آپریشنز سے ایک بھی فوجی نہیں ہٹایا، ہم نے اپنی تمام ٹیکنالوجی بھی ظاہر نہیں کی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا عالمی طاقتیں جانتی ہیں 2 ایٹمی ممالک میں جنگ کاتصور خطرناک اور مضحکہ خیز ہے، بھارت کئی برسوں سے جنگی جنون میں مبتلا ہے جو آگ سے کھیلنے کے مترادف ہے، بھارت ایک ایسا ماحول بنا رہا ہے جو باہمی تباہی کا سبب بنے گا۔