راولپنڈی (آئی آر کے نیوز): راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت (اے ٹی سی) نے 9 مئی کے فسادات میں ملوث 20 ملزمان کو سزا سنا دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دوران سماعت پراسیکیوٹر کی جانب سے دلائل دیے گئے کہ ملزمان نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی گرفتاری پر طے شدہ منصوبہ بندی کے تحت ترنول ریلوے اسٹیشن پر حملہ کیا تھا، ملزمان نے ریلوے اسٹیشن کی عمارت، کھڑکیوں، دروازوں کو آگ لگائی، اور توڑ پھوڑ کی تھی، ریلوے اسٹیشن کے کمپیوٹر اور ریکارڈ کو بھی جلا دیا تھا۔
پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے دوران ٹرائل دفعہ 164 کے تحت اقبالی بیانات قلمبند کروائے تھے، ملزمان نے اقبالی بیان دیا تھا کہ پی ٹی آئی کی قیادت کے اکسانے پر حملہ کیا اور بہکاوے میں آکر توڑ پھوڑ کی۔
ملزمان نے سزاؤں میں نرمی کی استدعا کرتے ہوئے عدالت میں بیان دیا تھا کہ پی ٹی آئی قیادت نے 2 سال میں کوئی مالی یا قانونی معاونت نہیں کی، انہیں اپنے کیے پر پچھتاوا ہے۔
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے ملزمان کو 6،6 ماہ قید اور 50، 50 ہزار روپے جرمانے کی سزائیں سنائیں، ملزمان 2 سال سے ضمانتوں پر تھے، جنہیں کمرہ عدالت کے باہر سے گرفتار کرلیا گیا۔