لاہور (آئی آر کے نیوز): پاکستان نے پہلے ٹی20 انٹرنیشنل میں بنگلہ دیش کو 37 رنز سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹی20 میچ میں پاکستان نے حسن نواز اور شاداب خان کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں حسن علی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں اور مہمان ٹیم کو آخری اوور میں 164 رنز پر ڈھیر کردیا۔
قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اننگز کا آغاز کرنے والے صائم ایوب اور فخر زمان دونوں ہی ناکام ثابت ہوئے اور بالترتیب صفر اور ایک رن پر واپس پویلین لوٹ گئے۔
تاہم، مڈل آرڈر بلے بازوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جارحانہ کھیل پیش کیا، محمد حارث نے 18 گیندوں پر 31 رنز کی اننگز کھیلی۔
کپتان سلمان علی آغا نے 34 گیندوں پر 56 رنز بنائے، حسن نواز 22 گیندوں پر 44 رنز بنانے میں کامیاب رہے، ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔
نائب کپتان شاداب خان نے 25 گیندوں پر 48 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 2 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے جب کہ خوشدل شاہ 5 اور فہیم اشرف 11 رنز بناسکے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے شرف السلام 2، مہدی حسن، حسن محمد، تنظیم حسن ثاقب، رشاد حسین اور شمیم حسین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔