اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے لیے کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر سمیت دیگر غیر ملکی کھلاڑیوں نے پاکستان آنے کی تصدیق کردی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے پی ایس ایل 10 کا حتمی شیڈول جاری کرتے ہی غیر ملکی کھلاڑیوں کی بقیہ میچز کےلیے دوبارہ پاکستان آنے کی تصدیق کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔
پاکستان سپر لیگ 10 کے بقیہ 8 میچز کھیلنے کے لیے اب تک ہامی بھرنے والے غیرملکی کھلاڑیوں میں کراچی کنگز کے کپتان آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر ، بین میک ڈرموٹ اور انگلینڈ کے جیمز ونس شامل ہیں۔
لاہورقلندرز کے آل راؤنڈر زمبابوے کے سکندر رضا ، پشاور زلمی کے فاسٹ باؤلر انگلینڈ کے لیوک ووڈ ، ٹام کوہلر کیڈ مور اور افغانستان کے نجیب اللہ زدران بھی پاکستان آنے کو تیار ہیں، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں شامل سری لنکا کے کوشل مینڈس بھی بقیہ میچز کھیلیں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاک بھارت جنگ کے باعث پی ایس ایل غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا تھا اور پی سی بی نے تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کو بحفاظت پاکستان سے رخصت کیا تھا۔