عدالتی حکم کے باوجود عمران خان سے بہنوں، رہنماؤں اور وکلا کی ملاقات آج بھی نہ ہوسکی

 imran khan receives medical visit in adiala jail pti confirms his well being

راولپنڈی (آئی آر کے نیوز): اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملنے ان کی بہنیں اور متعدد رہنما و وکلا پہنچے مگر عدالتی حکم کے باوجود انہیں پولیس ناکے پر روک دیا گیا، ملاقات نہ ہوسکی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آج بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ملاقات کا دن ہے ان سے ملنے کے لیے  بشری بی بی کے فوکل پرسن رائے سلمان احمد کھرل ایڈووکیٹ، بانی پی ٹی آئی کے وکلاء چوہدری ظہیر عباس، عثمان ریاض گل، بشری بی بی کی بھابی مہرالںساء، بانی پی ٹی آئی کے ترجمان نیاز اللہ نیازی، راجہ یاسر، نعیم پنجوتھہ، وکیل ابوذر سلیمان نیازی پہنچے، سید اقبال شاہ، سردار زین العابدین، عبد الحکیم زرین، محب اللہ کاکڑ پر مشتمل بلوچستان وکلا کا وفد بھی اڈیالہ جیل پہنچا۔

بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان، نورین نیازی اور عظمی خان اور کزن قاسم خان کو پولیس نے گورکھپور ناکے پر روک دیا، اڈیالہ جیل کے باہر پہنچنے والے وکلا کو پولیس نے جیل کے داخلی دروازے سے ہٹا دیا، پولیس نے وکلاء کی گاڑیاں بھی جیل کے داخلی دروازے سے ہٹادیں جس پر پولیس اور وکلا کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔

بانی پی ٹی آئی کی بہنوں نے گورکھ پور ناکے سے جیل تک مارچ شروع کردیا۔ علیمہ خان، عظمی خان، نورین خان اور قاسم خان اڈیالہ روڈ پر پیدل چلتے رہے،فیملی نے اڈیالہ جیل گیٹ نمبر پانچ جانے کی کوشش کی تاہم پولیس نے نجی فارما سوٹیکل کمپنی کے سامنے قائم ناکہ پر انہیں روک دیا، خاتون پولیس اہلکار سے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی دھکم پیل بھی ہوئی۔

بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کو بھی پولیس بے داہگل ناکے پر روک دیا۔ چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کو داہگل ناکے پر روک لیا گیا۔

 

جدید تر اس سے پرانی