فواد خان کی بالی ووڈ میں واپسی، شوبز ستاروں نے کیا ردعمل دیا؟


بالی ووڈ اور پاکستانی اداکاروں نے فواد خان کی بالی ووڈ میں واپسی پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق فلم کے ریلیز ہونے پرفواد کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں جس پر سنی دیول، امیشا پٹیل اور ماورا حسین ان کے دفاع میں سامنے آ گئے۔

واضح رہے کہ بالی ووڈ اداکار سنی دیول نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا ہے کہ فنکار سرحدوں سے بالاتر ہو کر پوری دنیا کے لیے کام کرتے ہیں۔ دنیا اب گلوبل ولیج بن چکی ہے تو ملکوں کے درمیان پابندیاں نہیں ہونی چاہئیں۔

 اس کے ساتھ ساتھ پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماورا حسین کا اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ ایسی باتوں کو دل پر نہیں لیتیں، دنیا ہمیشہ سے اسی طرح چلتی آ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر تقدیر میں ایسا ہونا لکھا ہوگا تو ایسا ہی ہوگا کوئی روک نہیں سکتا۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ ’میں اس طرح کی دھمکیوں کو اپنے کام پر اثر انداز نہیں ہونے دیتی اور ہمیشہ وہی کام کرتی ہوں جو مجھے پسند ہو‘۔ اور ایسی صورتحال پروڈیوسرز کا سر درد بنتی ہے جو ان کا مسئلہ ہے اداکاروں کا نہیں۔

ماورا حسین نے فواد خان کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ فلم ’عبیر گلال‘ باکس آفس پر کامیاب ہوگی۔

بالی ووڈ اداکارہ امیشا پٹیل نے کہا ہے کہ انہیں فواد خان ہمیشہ سے پسند ہیں، اور فن تو فن ہوتا ہے اور اس میں کوئی تفریق نہیں ہونی چاہیے، دنیا بھر میں غیر ملکی فنکاروں کو خوش آمدید کہا جاتا ہے چاہے ان کا تعلق کسی بھی شعبے سے ہو۔

 


جدید تر اس سے پرانی