اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سینیٹر علی ظفر نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پیغام دیا ہے کہ حکومت چاہے کسی کی بھی ہو، ہم پاکستان کے ساتھ ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق سینیٹر علی ظفر نے مطالبہ کیا کہ حکومت آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلاکر اس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شامل کرے، ایسا نہ کیا تو ثابت ہوجائے گا کہ حکومت اس معاملے پر بھی سیاست کر رہی تھی۔
دوسری جانب ایبٹ آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بھارت 1947 سے آج تک پاکستان کو صرف دھمکیاں دیتا اور الزامات لگاتا آیا ہے، قوم کو متحد ہوکر بھارت کا بھرپور مقابلہ کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت میں سیکولرزم صرف ایک دکھاوا ہے، بھارتی سورماؤں کو ہمیشہ پاکستان نے منہ توڑ جواب دیا ہے۔
بیرسٹرگوہر کا کہنا تھا کہ بانی سے ملاقات نہ کروانا موجودہ حالات میں قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانا ہے، تمام سیاسی جماعتوں اور قوم کو یکجا ہوکر بھارت کےخلاف مؤقف اپنانا ہوگا۔