اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): کسان اتحاد پاکستان نے وزیرِاعظم کو گندم کے نرخ اور کسانوں کے مسائل پر خط لکھ دیا۔
تفصیلات کے مطابق خط میں گندم کی قیمت 4 ہزار 200 روپے فی من مقرر کرکے فوری خریداری یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ صدر کسان اتحاد خالد حسین باٹھ کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ پچھلے سال حکومت نے گندم کا ریٹ 3 ہزار 900 روپے فی من مقرر کیا تھا، مگر خریداری نہیں کی۔ اگر اس سال بھی حکومت نے گندم نہ خریدی تو ملکی غذائی تحفظ کو سنگین خطرہ ہوگا، کسانوں پر ناجائز ٹیکس لگا کر 50 لاکھ روپے تک کے غیر منصفانہ بل بھیجے گئے۔
خط میں یاد دہانی کرائی گئی ہے کہ پاکستان اربوں ڈالرز کی گندم درآمد کرنے کی سکت نہیں رکھتا، کسانوں کو ان کا جائز حق دیا جائے۔
خالد حسین باٹھ نے کہا کہ بجلی کے اضافی بلوں کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے، کسان ناجائز ٹیکس قبول نہیں کریں گے، کسانوں کو سستی بجلی فراہم کی جائے تاکہ زرعی شعبہ تباہی سے بچ سکے۔