اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): دنیا بھر میں آج خواتین کا عالمی دن منایا جارہا ہے اس دن کی مناسبت سے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے معاشرے میں خواتین کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے پیغامات دیئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ خواتین معاشرے کی معمار اور ہمارے گھروں کا ستون ہیں، خواتین ہمارے مستقبل استوار کرنے میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری زندگیوں میں خواتین کا انتہائی اہم کردارہے، کلاس رومز سے بورڈرومز، میدانوں سے فرنٹ لائنز تک قوم کا مستقبل سنواررہی ہیں، آج کے دن کا تھیم خواتین کیلئے حقوق، مساوات، بااختیار بنانے کےعزم کا اعادہ ہے۔
مذہب اسلام خواتین کی عزت اورحقوق پر بہت زور دیتا ہے، پالیسی سطح پرمداخلت، اصلاحات سے خواتین کےحقوق آگے بڑھانے میں پیشرفت کی، حکومت نے ادارہ جاتی تعاون سے خواتین کے حقوق آگے بڑھانے میں پیشرفت کی، حقیقی صنفی مساوات کی طرف ہمارا سفر ابھی ختم نہیں ہوا، خواتین کو بااختیار بنانا پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کیلئے ناگزیر ہے، انکی تعلیم، صحت، معاشی آزادی میں سرمایہ کاری آنے والی نسلوں کی ترقی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کا خواتین کے عالمی دن پر پیغام
صدر آصف زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان خواتین کے حقوق کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، خواتین کو تعلیم، معیشت اور قیادت میں آگے لانا پوری قوم کے فائدے میں ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ خواتین کو اب بھی تشدد اور امتیازی سلوک جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، خواتین کے تحفظ اور معاشی آزادی کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے، کاروباری اور نجی شعبے میں خواتین کو محفوظ ماحول اور مساوی اجرت دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے کلیدی اقدامات کیے ہیں، خواتین کے تحفظ کے لیے خصوصی عدالتیں اور ہیلپ لائنز قائم کی گئیں، پاکستان نے سیاست، عدلیہ، قانون نافذ کرنے والے اور دیگر سرکاری اداروں میں خواتین کی نمائندگی بڑھانے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ معاشی سرگرمیوں میں خواتین کی شمولیت کے لیے پالیسیوں پر کام جاری ہے، آج کے دن ہر خاتون کو بااختیار بنانے کے عزم کا اعادہ کریں، پاکستان آئینی دفعات، بین الاقوامی معاہدوں کے مطابق خواتین کے حقوق کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔