اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے قائم مقام چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر پر تحفظات کا اظہار کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ عدالت نے وکیل کا پانچ منٹ بھی انتظار نہیں کیا، انہوں نے سلمان صفدر کا ایک منٹ بھی انتظار نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ ڈوگر صاحب شاید اسی کام کے لیے آئے ہیں، ڈوگر صاحب کے پاس اور کوئی بھی کیس نہیں تھا جبکہ سماعت کے دوران دونوں ججز اٹھ کر چلے گئے۔
علیمہ خان نے کہا کہ یہ خاص شخص لائے گئے ہیں ان کی سنیارٹی بھی نہیں تھی، ہم بالکل ان پر تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے عمران خان سے ہفتے میں دو دن منگل اور جمعرات جیل میں ملاقات بحال کرتے ہوئے میڈیا ٹاک نہ کرنے کا حکم دیا تھا۔