کراچی میں سال 2025ء کے پہلے 2 ماہ میں اسٹریٹ کرائمز کے 10 ہزار سے زائد واقعات رپورٹ

کراچی (آئی آر کے نیوز): کراچی میں رواں برس کے ابتدائی 2 ماہ میں اسٹریٹ کرائمز کے 10 ہزار سے زائد واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سال 2025 کے پہلے 2 ماہ کے دوران شہر میں اسٹریٹ کرائم کے 10ہزار 356 واقعات رپورٹ ہوئے۔

  پولیس رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2 ماہ کے دوران 12 شہری ڈکیتی مزاحمت پر قتل اور 41 زخمی ہوئے جب کہ اس دوران 2806 شہریوں سے موبائل فون چھینے گئے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ رواں برس موبائل فون چھیننے کی یومیہ شرح 48.4، گاڑیوں کی چوری اور چھیننے کی 5.3 جب کہ موٹر سائیکلیں چھیننے اور چوری کی یومیہ شرح 124.9 رہی۔ 

رپورٹ کے مطابق رواں برس 28 فروری تک شہر سے 306 گاڑیاں اور7 ہزار244 موٹر سائیکلیں چھینی و چوری کی گئیں۔

یہاں یہ بھی خیال رہے کہ پولیس کے مطابق سال 2024کے پہلے 2 ماہ میں اسٹریٹ کرائم کے 14ہزار 419 واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔

پولیس حکام کا بتانا ہے کہ 2024 کے پہلے 2 ماہ میں ڈکیتی مزاحمت پر 32 افراد قتل اور 99 زخمی ہوئے تھے۔

جدید تر اس سے پرانی