وفاقی حکومت کا 190 ملین پاؤنڈ کو تعلیمی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کا فیصلہ

 tribune

اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): وزیراعظم شہبازشریف نے 190 ملین پاؤنڈ کو تعلیمی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی اجازت دیدی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کی طرف سے پاکستان کو واپس کیے گئے منی لانڈرنگ کے 190 ملین پاؤنڈز جو اس وقت سپریم کورٹ آف پاکستان کی تحویل میں ہیں کو دانش یونیورسٹی آف ایمرجنگ ٹیکنالوجیزکے قیام سمیت تعلیمی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے سے روزنامہ ایکسپریس اور ایکسپریس ٹریبیون میں رپورٹ شائع ہوئی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ سابق وزیراعظم عمران خان 54 ارب روپے کے برابر اسی رقم کے القادر ٹرسٹ کی آڑ میں نجی استعمال کی وجہ سے 14 سال قید کی سزا بھگت رہے ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے اب اس رقم کو تعلیمی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی اجازت دیدی ہے اور سپریم کورٹ آف پاکستان نے بھی اس پر رضامندی کا اظہارکیا ہے۔

لہذا حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اس رقم سے اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی آف ایمرجنگ ٹیکنالوجیز اوردوردراز پسماندہ علاقوں میں دانش سکول قائم کیے جائیں گے۔

یہاں یہ بھی خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے دانش سکولوں کے قیام کا منصوبہ 2010ء میں شروع کیا تھا جس کا مقصد پسماندہ ترین علاقوں میں غریب طبقات کو معیاری تعلیم فراہم کرنا تھا۔

ان سکولوں میں سیٹیں لڑکوں اور لڑکیوں میں برابرتقسیم کی جاتی ہیں، وزیراعظم شہبازشریف نے ٹیکنالوجی یونیورسٹی اور دانش سکولوں کے قیام کیلیے وفاقی وزیراحسن اقبال کی سربراہی میں ماہرین کی 10رکنی کمیٹی قائم کردی ہے۔ وزیراعظم خود اس گیارہ رکنی کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔

رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کی سربراہی میں یہ کمیٹی یونیورسٹی کے قیام کیلئے مطلوبہ قانون سازی کے علاوہ ڈیڑھ سال کے عرصہ میں اس کی تعمیرکی مانیٹرنگ بھی کریگی۔

مزید برآں، یہ کمیٹی مجوزہ یونیورسٹی کے پروگرام اور سکولوں کی فہرست تیارکریگی۔

 

جدید تر اس سے پرانی