متحدہ عرب امارات کے بعد اب سعودی عرب، ملائیشیا، سنگاپور، مراکش سمیت 10 ملکوں سے 48 گھنٹے میں مزید 93 پاکستانیوں کو بے دخل کر دیا گیا جن میں 6 بلیک لسٹ بھی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق امیگریشن ذرائع کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے بعد اب مزید 10 ممالک نے پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کرنا شروع کردیا ہے
سعودی عرب سے 4 بلیک لسٹ اور ویزا ختم ہونے پر 1، کنٹریکٹ کی خلاف ورزی پر 24 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا گیا۔
امیگریشن ذرائع کا کہنا ہے کہ عمان سے 3 بلیک لسٹ، امیگریشن سے انکار
پر 1 اور ملائیشیا سے 1 کو ناپسندیدہ قرار دے کر بے دخل کیا گیا۔
حکام کا مزید کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں 1، بلیک لسٹ منشیات اور
شراب نوشی پر 3، زائد المیعاد قیام پر 2 اور جیل سے رہا کرکے 37 پاکستانیوں کو ڈی
پورٹ کیا گیا۔
سنگاپور پاسپورٹ گمشدگی پر 1، موزمبیق سے 1، عراق میں زائد المیعاد
قیام پر 4، دیگر الزام پر 2 کو بے دخل کیا گیا۔
امیگریشن ذرائع نے مزید بتایا کہ قطر سے 3 مفرور اور جنوبی افریقا میں
رضاکارانہ طور پر پیش ہوئے 1 اور ناپسندیدہ قرار دے کر 1 پاکستانی کو بے دخل کیا
گیا۔
اس کے علاوہ مراکش میں انسانی اسمگلنگ کیلئے پہنچے 2 نوجوانوں کو
حراست میں لےکر پاکستان واپس بھیجا گیا جنہیں کراچی میں انسداد ہیومن ٹریفکنگ سرکل
منتقل کیا گیا۔
یاد رہے کہ پاکستانی شہریوں کے خلاف دنیا بھر کے کئی ممالک میں کریک ڈاؤن جاری ہے
تاہم متحدہ عرب امارات نے اس سلسلے میں سب سے زیادہ پاکستانیوں کو ملک بدر کیا ہے،
اس کے علاوہ یو اے ای کی جانب سے ویزا پالیسی مزید سخت کی جارہی ہے۔
وزارت خارجہ کےذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات سے گزشتہ 16 ماہ میں
10 ہزار 100 سے زائد پاکستانیوں کو ملک بدر کیا گیا۔
ذرائع نے مزید دعویٰ کیا کہ ستمبر 2023 سے جنوری 2025 تک 4 ہزار 740
سزا یافتہ پاکستانی قیدیوں کو ملک بدر کیا گیا، یہ پاکستانی شہری متحدہ عرب امارات
کی مختلف جیلوں میں سزا کاٹ چکے ہیں، اس دورانیے میں 5 ہزار 800 دیگر پاکستانی
شہریوں کو مختلف جرائم کی بنیاد پر ملک بدر کیا گیا۔