لاہور (آئی آر کے نیوز): لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی مینار پاکستان پر جلسے متعلق درخواست خارج کردی۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی 22 مارچ کو مینار پاکستان جلسہ کی اجازت کی درخواست پرلاہور ہائی کورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے بطور اعتراضی سماعت کی۔ عدالت نے ہائیکورٹ آفس کا اعتراض بحال رکھتے ہوئے درخواست خارج کردی۔ عدالت نے درخواست گزار کو ریڈرسل کمیٹی سے رجوع کرنے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ریڈرسل کمیٹی فیصلہ نہیں کرتی تو آپ عدالت سے رجوع کرسکتے ہیں۔
درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ حکومت کی ریڈرسل کمیٹی کے پاس جانا بے سود ہے۔
یہاں یہ بھی خیال رہے کہ ہائیکورٹ آفس نے درخواست متعلقہ کمیٹی کے سامنے دائر نا کرنے کا اعتراض عائد کیا تھا۔ پی ٹی آئی رہنما اکمل خان باری نے درخواست دائر کی تھی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ پی ٹی آئی 22 مارچ کو آئین اور قانون کے مطابق مینار پاکستان جلسہ کرنا چاہتی ہے۔