سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو
نے ریاض میں ملاقات کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ ملاقات مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجے سے قبل ہوئی، جس کی تصدیق امریکی محکمہ خارجہ کے ایک عہدیدار نے کیاس ملاقات سے قبل مارکو روبیو نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ سے سعودی وزارت خارجہ کے دفتر میں ملاقات کی تھی۔
یاد رہے کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اس وقت مشرق وسطیٰ کے اہم
دورے پر ہیں اور وہ اسرائیل سے سعودی عرب پہنچے ہیں۔ ماہرین کے مطابق امریکی وزیر
خارجہ اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی اس ملاقات کا ایجنڈا غزہ اور
اسرائیل کی جنگ سے متعلق ہوگا۔
علاوہ ازیں منگل کے روز ریاض میں روسی اور امریکی حکام کے درمیان ایک
اہم اجلاس بھی متوقع ہے، جس کا مقصد یوکرین جنگ کے خاتمے پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔
اس اجلاس کو امریکا اور روس کے صدور ڈونلڈ ٹرمپ اور ولادیمیر پیوٹن کے
درمیان سعودی عرب میں ممکنہ سربراہی ملاقات کی تیاری کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق ریاض میں روسی حکام کے ساتھ ہونے والی
بات چیت یوکرین پر مذاکرات کا آغاز نہیں بلکہ ٹرمپ اور پیوٹن کے درمیان حالیہ ٹیلی
فونک گفتگو کا تسلسل ہے۔
دریں اثنا امریکی قومی سلامتی کے مشیر مائیک والٹز اور مشرق وسطیٰ کے
لیے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف بھی ریاض پہنچ چکے ہیں تاکہ منگل
کو ہونے والی ملاقات کی تیاری کی جا سکے۔