آرمی چیف کے قرآن سے متعلق علم و فہم پر علماء کی تعریف
اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): خیبر پختونخوا کے علمائے کرام نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے قرآن سے متعلق علم و فہم کی تعریف کرتے ہوئے ان کے دلائل کی تائید کی اور کہا کہ ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
ایکسپریس نیوز میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی پاکستان بھر کی یونیورسٹیوں سے آئے طلبہ کے ساتھ خصوصی نشست ہوئی، جس میں انہوں نے قرآن و حدیث کی روشنی میں مدلل گفتگو کی۔ بعد ازاں علما نے آرمی چیف کے علم و فہم کی تعریف کرتے ہوئے ان کے دلائل کی تائید کی اور انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔
جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولوی احمد شاہ نے کہا کہ آرمی چیف کے بیان سے بہت اطمینان ملا اور ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ مفتی حکیم علی نے کہا کہ خوارج سے متعلق قرآنی آیت کا حوالہ بالکل درست ہے۔
اسی طرح مولانا شاہ نواز نے کہا کہ ہم تمام مذہبی فکر رکھنے والے پاک فوج اور اپنے سپہ سالار کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ جنرل عاصم منیر صرف حافظ قرآن ہی نہیں بلکہ ایک باصلاحیت انسان بھی ہیں۔
جمعیت علمائے اسلام کی جنرل کونسل کے رکن قاری افسر خان نے کہا کہ جنرل سید عاصم منیر کا خوارج سے متعلق مؤقف قابل فخر ہے، ہم اپنے سپہ سالار اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ جامعہ عربیہ معراج القرآن بنوں کے نائب مہتمم مفتی ڈاکٹر محمد زین العابدین نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے جوان روز اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں، نوجوان نسل کو بھی چاہیے کہ وہ پاک فوج کو مکمل طور پر سپورٹ کریں۔