ملک کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری
ہے۔ ملکہ کوہسار
مری، نتھیاگلی اور ایوبیہ میں برفباری ریکارڈ کی گئی جب کہ گلیات کے بالائی مقامات
پر6 سے 8 انچ تک برف پڑچکی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق استور میں بھی گزشتہ رات سے وقفے وقفے کے
ساتھ برفباری کا سلسلہ جاری ہے، دیر ، مالم جبہ، میاندم اور کالام میں بھی برفباری
سے سردی میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دیر شہر میں 3 انچ ، لواری ٹنل اور اطراف میں اب تک ایک فٹ سے زائد
برف ریکارڈ کی گئی ہے۔ سیاحتی مقام کمراٹ میں ایک فٹ تک برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔
ان علاقوں برفباری شروع ہوتے ہی بجلی کی سپلائی معطل کردی گئی جس کی وجہ سے مقامہ
لوگوں اور سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
برف باری کی وجہ سے مری کی طرف آنے والے سیاحوں کیلئے ڈپٹی کمشنر مری
کی جانب سے ٹریفک ایڈوائزری جاری کردی گئی ہے۔
ڈی سی مری کے مطابق سیاح مری اورگلیات کا سفر کرنے سے پہلے موسم کی
صورتحال معلوم کرلیں۔ ڈی سی کا کہنا ہے کہ ساح بائیک، اور چھوٹی گاڑیوں پر آنے سے
پرہیز کریں۔ انکا کہنا تھا کہ بائیک بارف میں پھنس سکتی ہے، اس کے ساتھ ڈی سی کی
جانب سے سیاحوں کو یہ خصوصی ہدایت کی گئی کہ وہ سفر کرتے وقت پیٹرول کاٹینک فُل
رکھیں،کھانے پینے کی اشیاء اور خشک میوہ جات ہمراہ رکھیں۔
موسم کی صورتحال کے حوالے سے اپڈیٹ دیتے ہوئے پی ڈی ایم اے ترجمان کا کہنا ہے
کہ آئندہ24گھنٹوں تک مری میں مزید بارش اور برفباری کاامکان ہے، بارش اور
برف باری کے باعث ٹریفک کی روانی متاثرہوسکتی ہے تاہم انتظامیہ کی جانب سے سڑکوں
پر نمک کا چھڑکاؤ کیا جارہا ہے۔
ادھر ریلیف کمشنر کی جانب سے مری
انتظامیہ کو الرٹ رہنے کا حکم دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کسی قسم کی غفلت کا
مظاہرہ نہ کیا جائے، مری میں سیاحوں کی رہنمائی کے لیے 13فیسیلٹیشن مراکز قائم
ہیں، شہری احتیاط کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ایمرجنسی کی صورت میں پی
ڈی ایم اےکی ہیلپ لائن 1129پر رابطہ کریں۔