واشنگٹن (آئی آر کے نیوز): نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے دورہ امریکہ کے اختتام پر کہا کہ ان کے دورے کے دوران ٹرمپ انتظامیہ کے حکام سے ان کا کوئی سرکاری رابطہ نہیں تھا۔
تفصیلات کے مطابق اسحاق ڈار نے وطن واپسی سے قبل صحافیوں سے بات چیت کی، جس میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پر واشنگٹن کا کوئی دباؤ ہے اور نہ ہی دباؤ ڈالے جانے پر اسے قبول کرے گا، پاکستان اور امریکا کے درمیان اچھے تعلقات ہیں۔
نائب وزیر اعظم نے مزید بتایا کہ او آئی سی ممالک کے وزرائے خارجہ کی کونسل کا ایک غیر معمولی اجلاس 7 مارچ کو جدہ میں منعقد ہوگا، جس میں خاص طور پر فلسطینی عوام کی منتقلی سے متعلق حالیہ امریکی تجاویز کی روشنی میں، غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بات چیت کے دوران ایران، مصر، ملائیشیا، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ نے صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے اور او آئی سی کا موقف پیش کرنے کے لیے فوری اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا۔