![]()
کوئٹہ (آئی آر کے نیوز): کول مائنز ایریا میں بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 9 مزدور جاں بحق اور کئی دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ہرنائی شاہراہ کے کول مائنز ایریا میں پک اپ گاڑی پر بم دھماکا ہوا ہے، جس میں 9 مزدور جاں بحق ہوگئے، افسوسناک واقعہ میں 7 دیگر افراد بھی زخمی ہوئے ہیں، جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ جاں بحق ہونے والے مزدوروں کا تعلق سوات سے ہے۔ ڈی سی ہرنائی حضرت ولی کا کہنا ہے کہ جاں بحق اور زخمی افراد کوئلہ کانوں میں مزدوری کرتے تھے ۔ واقعے کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو بی ایچ یو شاہرگ منتقل کردیا گیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا آئی ای ڈی کے ذریعے کیا گیا ہے۔
دوسری جانب بلوچستان کی صوبائی حکومت نے
تحصیل شاہرگ ٹاکری میں روڈ سے متصل دہشت گردی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی
ہے۔ ترجمان صوبائی حکومت شاہد رند کے مطابق واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے
اور قانون نافذ کرنے ادارے جائے وقوع پر پہنچ گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
مزید برآں، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی
نے بھی بلوچستان کے علاقے شاہرگ میں مزدوروں کی گاڑی کے قریب دھماکے کی شدید الفاظ
میں مذمت کرتے ہوئے 9 مزدوروں کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا
اظہار کیا ہے۔