پشاور (آئی آر کے نیوز): پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر مقام کا کہنا تھا خیبر پختونخوا کے حالات سب کے سامنے ہیں، خیبرپختونخوا کے عوام ایک عرصے سے دہشت گردی کا سامنا کر رہے ہیں، پورا پاکستان دیکھ رہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے لوگ کتنی قربانی دے رہے ہیں، تبدیلی سرکار نے صرف وزرائے اعلیٰ ہی تبدیل کیے، عوام کی قسمت نہیں بدلی۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کی عوام نے پی ٹی آئی کو مینڈیٹ دیا، پی ٹی آئی نے 13 سال حکومت کی، خیبر پختونخوا کے عوام نے جس مقصد کیلئے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا، وہ نظر نہیں آ رہا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وزیراعلیٰ کا کوئی تجربہ نہیں ہے، وزیراعلیٰ کو صرف دو ٹارگٹ دیے گئے ہیں، ایک جتنا لوٹ سکتے ہو لوٹو، دوسرا قیدی کی رہائی، صوبے میں تعلیم، صحت اور بنیادی سہولتیں نہیں دی جا رہیں، سہیل آفریدی کی حکومت کو ابھی تک یہی معلوم نہیں کہ انہوں نے کرنا کیا ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ صوبے میں سب سے بڑا مسئلہ امن و امان کا ہے، امن نہ ہو تو ترقی کی طرف آگے بڑھنا مشکل ہے، امن کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے، قیام امن اور عوامی مسائل کے حل پر توجہ دینا ضروری ہے، ہم یہاں رہتے ہیں اور زمینی حقائق کی بنیاد پر بات کرتے ہیں۔
