کوئٹہ (آئی آر کے نیوز): کوئٹہ میں حکومتی وفد اور کسان اتحاد کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے بعد اسلام آباد لانگ مارچ آج ملتوی کردیا گیا ہے۔ کسان اتحاد کے رہنما خالد حسین باٹھ کا کہنا ہے کہ حکومتی وفد نے سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے تاہم اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ ہر صورت کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کے بعد لانگ مارچ کی اگلی تاریخ کا جلد اعلان کیا جائے گا۔ دوسری جانب حکومتی نمائندے علی مدد جتک نے خالد حسین باٹھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے حکومتی مؤقف کو سنا اور بات مانی۔ علی مدد جتک کا کہنا تھا کہ زیارت کراس پر کئی دنوں سے حالات خراب ہیں اسی لیے کسان اتحاد کے ساتھ مذاکرات کیے گئے ان کا کہنا تھا کہ وہ خالد حسین باٹھ کے ساتھ بیٹھ کر آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کریں گے۔
