لاہور (آئی آر کے نیوز): بسنت پر پتنگ لوٹتے ہوئے کرنٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق ڈور پھرنے سے 5 زخمی ہو گئے وزیراعلیٰ نے اظہار افسوس کیا ہے۔
لاہور میں بسنت کا تین روزہ تہوار منایا جا رہا ہے۔ آسمان رنگ برنگی پتنگوں سے بھر گیا ہے، تاہم اس موقع پر افسوسناک واقعات بھی پیش آئے ہیں، جن میں ایک نوجوان جاں بحق اور بچی سمیت پانچ افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے باغبان پورہ میں سکھ نہر کے قریب پتنگ لوٹتے ہوئے کرنٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق ہو گیا، جس کی شناخت 25 سالہ علی رشید کے نام سے ہوئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ متوفی نوجوان کٹی پتنگ اتارنے کے لیے بجلی کے کھمبے پر چڑھا تھا کہ کرنٹ لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
دوسری جانب لاہور کے مختلف علاقوں میں تیز دھار ڈور پھرنے سے بچی سمیت پانچ افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
ریسکیو اہلکاروں کے مطابق ڈیفنس فیز 5 میں پتنگ کی ڈور گردن پر پھرنے سے نوجوان رافع زخمی ہوا، گلشن راوی میں بھی پتنگ کی ڈور پھرنے سے 8 سالہ ارسا اور 45 سالہ شبیر زخمی ہوگئے۔
لوئر مال میں پتنگ لوٹتے ہوئے 12 سالہ عبدالواحد زخمی ہوا، گلشن راوی میں 14 سالہ سلمان درخت سے پتنگ اتارتے ہوئے گِر کر زخمی ہوگیا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پتنگ لوٹتے ہوئے کرنٹ لگنے سے نوجوان کی موت پر سوگوار خاندان سے تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا ہے جب کہ بچی سمیت متعدد افراد کے زخمی ہونے پر تشویش ظاہر کی ہے۔
مریم نواز نے شہر بھر میں بسنت کے موقع پر دھاتی ڈور کے انسداد کے لیے کریک ڈاؤن کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھاتی اور ممنوعہ ڈور استعمال کر کے خوشی کو غم کا روپ نہ دیں۔
