اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): سپریم کورٹ نے ہرجانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر ٹرائل کورٹ کو کارروائی سے روک دیا۔
جسٹس عائشہ ملک کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے حکم امتناع جاری کیا، سپریم کورٹ نے شہباز شریف کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا، عدالت نے کہا کہ کیس کو جلد سماعت کیلئے مقرر کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 2017 میں شہباز شریف نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف 10 ارب روپے کا ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا تھا، ٹرائل کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کے دفاع کا حق ختم کردیا تھا، ٹرائل کورٹ میں کیس شہادتوں پر پہنچا ہوا ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا تھا کہ پاناما کیس پر خاموشی کے لیے انہیں شہباز شریف کی جانب سے 10 ارب روپے کی پیشکش کی گئی جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے الزامات کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے ہتک عزت کا دعویٰ کیا تھا۔
لاہور کی سیشن کورٹ میں کیس کا ٹرائل جاری ہے، ٹرائل کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی جانب سے جواب جمع کرانے میں تاخیر پر ان کا حقِ دفاع ختم کر دیا تھا۔
