اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): سینیئر قانون دان اور پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر بابر اعوان کا کہنا ہے کہ بتایا گیا کہ چھوٹا سا مسئلہ تھا اس لیے رات کو پمز لایا گیا لیکن عمران خان کو چھوٹے مسئلے کے لیے نہیں بلکہ کسی بڑے مسئلے کی وجہ سے اسپتال لایا گیا۔
کے پی کے ہاؤس اسلام آباد کے باہر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ پہلے کہا گیا بانی پی ٹی آئی صحت مند ہیں، پھر کہا گیا کہ جیل کے اندر ڈاکٹرز کی ٹیم موجود ہے جو ان کا خیال رکھ رہی ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو اجازت دیں تاکہ اپنے بھائی کو دیکھ سکیں۔
سینیئر قانون دان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی پورے پاکستان کا لیڈر ہے لہٰذا بانی پی ٹی آئی کو فی الفور رہا کیا جائے، وفاقی حکومت جس نہج پر حالات کو لے گئی ہے وہ خطرناک ہے، دن بدن تشویش مزید بڑھتی جا رہی ہے۔
