بھگوڑے یورپ میں جی ایس پی پلس کی پاکستان کو سہولت کے خلاف مہم چلا کر غداری کے مرتکب ہورہے ہیں: وزیر دفاع

 وزیر دفاع نے کہاکہ یہ سب بھارت کرے تو سمجھ آتی ہے، خود کو پاکستانی کہنے والے کریں تو غدار کہلائیں گے۔ — فائل فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بھگوڑوں نے پہلے پاکستان کو لوٹا اور اب بیرون ملک بیٹھ کر پاکستانیوں سے پیسے بٹوڑ کر پر تعیش زندگی گزار رہے ہیں، آئیں اگر جرات ہے تو جنگ پاکستان میں آکر لڑیں۔

سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر خواجہ آصف نے کہا کہ یہ بھگوڑے یورپ میں جی ایس پی پلس کی پاکستان کو سہولت کے خلاف مہم چلا کر غداری کے مرتکب ہورہے ہیں، پاکستان کی لڑائیاں پاکستان میں لڑیں۔

انہوں نے کہا کہ بے نظیر شہید اور نواز شریف دونوں پر سیاست میں آزمائش کے لمحات آئے، وہ قید ہوئے، ان کے عزیز و اقارب اور خاندان کے افراد قید کیے گئے، آمریت نے دونوں کو شدید ترین نشانہ بنایا، ورکروں پر ظلم کی انتہا کی گئی، مگر کسی نے وطن عزیز کے مفادات کو نشانہ بنانے کا نہیں سوچا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ دونوں سیاسی رہنماؤں نے سیاسی لڑائی پاکستان کی سر زمین پر لڑی اور اس کی قیمت بھی ادا کی، مگر وطن پر آنچ اور قوم کو نشانہ بنانے کا سوچا تک نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اینڈ کمپنی نے اقتدار چھن جانے کے بعد پہلے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کو خط لکھ کر پاکستان کو دیوالیہ کرنے کی کوشش کی اور اب پاکستان کی برآمدات کو نقصان پہنچانے کے لئے لابنگ کر رہے ہیں۔

وزیر دفاع کا کہنا تھ اکہ اگر یہ سب کچھ بھارت کرے تو سمجھ آتی ہے، مگر خود کو پاکستانی کہنے والے کریں تو ننگ وطن اور غدار کہلائیں گے۔

جدید تر اس سے پرانی