
راولپنڈی (آئی آر کے نیوز): بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر ان کی بہنوں نے اڈیالہ روڈ پر دھرنا دے دیا، بڑی تعداد میں کارکنان جمع ہوگئے جنہوں نے شدید نعرے بازی بھی کی۔
تفصیلات کے مطابق آج عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ملاقات کا دن ہے، اڈیالہ جیل جانے کے لیے پی ٹی آئی کارکنوں کی آمد شروع ہوگئی۔
علیمہ خان دیگر بہنوں کے ہمراہ گورکھ پور ناکے پر پہنچیں، کارکنوں کی جانب سے استقبال کیا گیا اور نعرے بازی کی گئی جس پر پولیس نے پوزیشنیں سنبھال لیں۔ پولیس کی بھاری نفری نے کارکنوں کو داہگل اور گورکھ پور ناکے پر روک لیا، پولیس نے بانی کی بہنوں کو گورکھ پور سے آگے جانے کی اجازت دینے سے انکار کردیا جس پر مزید کارکنان وہاں جمع ہوگئے۔
علیمہ خان کارکنوں کے ہمراہ گورکھ پور سے اڈیالہ جیل کی جانب روانہ ہوگئیں، کارکنوں نے نعرے بازی کی۔ علیمہ خان دیگر بہنوں کے ہمراہ گاڑی میں موجود تھیں جب کہ کارکنوں کا جلوس پیدل گاڑی کے ساتھ روانہ ہوا۔
راولپنڈی فیکٹری ناکے پر کارکن اور پولیس آمنے سامنے آگئے۔ پولیس نے مظاہرین کو سڑک کے بائیں جانب پلاٹ میں جانب جانے کی ہدایت کردی۔ کارکنوں نے شدید نعرے لگائے۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر ان کی بہنوں نے اڈیالہ روڈ پر دھرنا دے دیا۔ فیکٹری ناکے سے اڈیالہ روڈ مکمل بند ہوگیا، اسکولز کالجز سے گھر جانے والے طالب علموں کی بڑی تعدا رش میں پھنس گئی، سڑک بند ہونے سے مسافر بھی پریشان ہوگئے۔