
لاہور (آئی آر کے نیوز): قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے مرید کے میں تحریک لبیک کے کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے کیے جانے والے آپریشن کے خلاف کراچی اور لاہور میں مظاہرے ہوئے۔
لاہور میں تحریکِ لبیک کی ریلی کے شرکا پر شیلنگ کے خلاف لاہور کی ضلعی عدالتوں میں احتجاج کیا گیا۔
وکلا کے ایک دھڑے نے نہ صرف حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف نعرے بازی کی بلکہ ضلعی عدالتوں میں ملزمان کو پیشی کے لیے لانے والے پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔
وکلا کی جانب سے تشدد کے بعد ضلع کچہری میں موجود پولیس اہلکار وہاں سے نکل گئے۔
دوسری جانب، کراچی کے علاقے نیو کراچی کے مختلف مقامات پر احتجاج اور پھراؤ کرنے کے الزام میں پولیس نے پانچ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
کراچی پولیس کے ڈی آئی جی ویسٹ عرفان علی بلوچ کا کہنا ہے کہ پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو شیلنگ کر کے منتشر کر دیا۔
ڈی آئی جی عرفان علی بلوچ کا کہنا ہے کہ نیو کراچی سندھ ہوٹل اور فورکے چورنگی کے اطراف میں صورتحال پر قابو پا لیا گیا ہے اور ٹریفک بحال کردی گئی ہے۔
عرفان علی بلوچ کا کہنا ہے کہ پھراؤ اور جلاؤ گھیراؤ کرنے کے الزام میں پانچ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ ممکنہ احتجاج سے نمٹنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری علاقے میں تعینات ہے۔