علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ گورنر فیصل کریم کنڈی کو موصول

 گورنر کے پی فیصل کریم کو علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ موصول ہوگیا

پشاور (آئی آر کے نیوز): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ گورنر فیصل کریم کنڈی کو موصول ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان گورنر ہاؤس خیبر پختونخوا نے استعفیٰ موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آج دوپہر ڈھائی بجے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا اپنے عہدے سے استعفیٰ باقاعدہ طور پر گورنر ہاؤس کو موصول ہوگیا۔

Image 

ترجمان گورنر ہاؤس نے بتایا ہے کہ آئین و قانون کے مطابق استعفے کی جانچ پڑتال کی جائے گی اور تمام معاملے کو شفاف انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔

یاد رہے کہ علی امین گنڈاپور نے بطور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، جس کے بعد پی ٹی آئی کی جانب سے سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ نامزد کیا گیا تھا۔

تاہم، علی امین گنڈا پور کی جانب سے دو روز قبل لکھا گیا استعفیٰ گورنر فیصل کریم کنڈی کو موصول نہیں ہوسکا تھا۔

 Image

جس کے بعد پی ٹی آئی کی قیادت نے صوبائی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کے ذریعے علی امین گنڈاپور کو ہٹاکر نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب عمل میں لانے کا فیصلہ کیا تھا۔

جس کے لیے خیبرپختونخوا اسمبلی سیکریٹریٹ میں آئینی ماہرین کا اجلاس ہوا، جس میں مستعفی ہونے والے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے آپشن پر غور کیا گیا۔

تاہم، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے آپشن کو ناقابل عمل قرار دے دیا گیا تھا۔

جدید تر اس سے پرانی