پشاور ہائیکورٹ: جمعیت علمائے اسلام (ف) نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا انتخاب چیلنج کردیا

— فائل فوٹو: پی ایچ سی ویب سائٹ

پشاور (آئی آر کے نیوز): جمعیت علمائے اسلام (ف) نے وزیراعلیٰ کےانتخاب کےخلاف پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی جبکہ نئے وزیراعلیٰ کی حلف برداری کے لیے پی ٹی آئی کی درخواست پر بھی آج سماعت ہوگی۔

جمیعت علمائے اسلام (ف) کی جانب سے رکن خیبرپختونخوا اسمبلی لطف الرحمٰن نے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائرکی ہے جس میں وزیر اعلیٰ،خیبرپختونخواحکومت، گورنر، صوبائی اسمبلی اور دیگر کو فریق بنایا گیا۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ ابھی منظورنہیں ہوا، دوسرے وزیراعلیٰ کےلیےالیکشن ہوگیا، وزیراعلیٰ کا عہدہ خالی ہونے تک دوسرے وزیراعلیٰ کےلیےالیکشن نہیں ہوسکتا، نئے وزیر اعلیٰ کا الیکشن غیر قانونی ہے۔

دوسری جانب نئےوزیراعلی کی حلف برداری کے لیے پی ٹی آئی کی درخواست پر پشاور ہائیکورٹ میں آج دن ایک بجے سماعت ہوگی۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا اور ایڈووکیٹ جنرل چیف جسٹس کی عدالت میں پیش ہوئے۔

چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے کہا کہ آپ کا کیس آج ایک بجے سنا جائے گا۔

پی ٹی آئی نے نومنتخب وزیراعلی سے حلف کی درخواست چیف جسٹس کو دے رکھی ہے، چیف جسٹس نے گزشتہ روز بھی درخواست پر سماعت کی تھی، عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو گورنر سے کمنٹس لیکر عدالت کو آگاہ کرنے کا حکم دیا تھا۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے پارٹی کے قائد عمران خان کی ہدایت پر گزشتہ ہفتے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، تاہم گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے تاحال استعفیٰ منظور نہیں کیا ہے۔

تاہم خیبرپختونخوا اسمبلی نے گزشتہ روز سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ منتخب کرلیا تھا تاہم اپوزیشن نے وزیراعلیٰ کے انتخاب کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے کارروائی کا بائیکاٹ کردیا تھااور وزیراعلیٰ کے انتخاب کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا تھا۔

جدید تر اس سے پرانی