امپیریل کالج لندن کی لاہور کے نواز شریف آئی ٹی سٹی میں اپنا کیمپس قائم کرنے کی پنجاب حکومت کے دعوے کی تردید

بیان میں کہا گیا ہے کہ امپیریل کی بین الاقوامی سرگرمیوں کی معلومات کیلئے انٹرنیشنل ریلیشنز آفس کی ویب سائٹ ملاحظہ کریں — فائل فوٹو: رائٹرز

لندن (آئی آر کے نیوز): امپیریل کالج لندن نے پنجاب حکومت کے اس دعوے کی تردید کر دی ہے کہ وہ لاہور کے نواز شریف آئی ٹی سٹی میں اپنا کیمپس قائم کر رہا ہے، کالج نے واضح کیا کہ اس کے تمام کیمپس صرف برطانیہ میں ہی واقع ہیں۔

18 اکتوبر کو مسلم لیگ (ن) نے اپنے آفیشل ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ میں بتایا تھا کہ پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ امپیریل کالج لندن کا ایک کیمپس نواز شریف آئی ٹی سٹی میں قائم کیا جائے گا، اور اس کی سنگِ بنیاد کی تقریب نومبر میں منعقد ہوگی۔

پوسٹ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ کالج کیمپس کے اندر ایک جدید 300 بستروں پر مشتمل ہسپتال بھی تعمیر کیا جائے گا۔

اسی نوعیت کا بیان پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے بھی اپنے ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر دیا، جس میں کہا گیا کہ امپیریئل کالج لندن کا کیمپس نواز شریف آئی ٹی سٹی میں قائم کیا جائے گا، جس میں ایک جدید 300 بستروں کا ہسپتال بھی شامل ہوگا، اور اس کا سنگِ بنیاد نومبر میں رکھا جائے گا۔

پنجاب حکومت کے سرکاری ’ایکس‘ اکاؤنٹ نے بھی یہی دعویٰ دہرایا تھا۔

تاہم، امپیریل کالج لندن نے ان تمام دعوؤں کو ’غلط‘ قرار دیتے ہوئے ان کی تردید کردی۔

کالج نے پیر کے روز اپنی آفیشل ویب سائٹ پر شائع بیان میں کہا کہ یہ رپورٹس کہ امپیریل کالج لندن بیرونِ ملک اپنا کیمپس کھولنے کا منصوبہ بنا رہا ہے، غلط ہیں۔

مزید کہا گیا کہ میڈیا اور آن لائن میں یہ غلط خبریں گردش کر رہی ہیں کہ امپیریل لاہور، پاکستان کے نواز شریف آئی ٹی سٹی میں کیمپس کھولنے جا رہا ہے، امپیریل کے ایسے کوئی منصوبے نہیں، کیونکہ یونیورسٹی کے تمام کیمپس صرف برطانیہ میں موجود ہیں۔

ادارے نے مزید کہا کہ جو لوگ امپیریل کی بین الاقوامی سرگرمیوں کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں، وہ یونیورسٹی کے انٹرنیشنل ریلیشنز آفس کی ویب سائٹ ملاحظہ کریں۔

دوسری جانب، امپیریل کالج لندن کے فارغ التحصیل، نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (این اے وی ٹی ٹی سی) کے سابق چیئرمین جاوید حسن نے کہا کہ وہ نواز شریف آئی ٹی سٹی میں کیمپس کے جرات مندانہ دعوے پر کچھ دیر کے لیے حیران رہ گئے تھے۔

انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ پتا چلا کہ امپیریل کالج اتنا مہم جو نہیں، اس کے کیمپس کے منصوبے مکمل طور پر برطانیہ تک محدود ہیں، لگتا ہے تصدیق اب بھی ایک نیا تصور ہے۔

یاد رہے کہ پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے گزشتہ سال مئی میں نواز شریف آئی ٹی سٹی کے کمرشل آغاز کی باضابطہ تقریب منعقد کی تھی، اس موقع پر انہوں نے کہا تھا کہ کئی بین الاقوامی ٹیکنالوجی کمپنیز اس منصوبے میں دلچسپی دکھا رہی ہیں، اور 10 کمپنیاں پہلے ہی وہاں اپنے دفاتر قائم کرنے کی منصوبہ بندی کر چکی ہیں۔

یہ آئی ٹی سٹی 853 ایکڑ پر پھیلا ہوا ہے اور اسے 10 سال کے لیے ٹیکس فری زون قرار دیا گیا ہے۔

 

 

جدید تر اس سے پرانی