سلمان علی آغا کو ٹی20 کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ: بابراعظم کی واپسی کا امکان نہیں

Salman Ali Agha

لاہور (اسپورٹس ڈیسک): پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سلمان علی آغا کو ٹی20 کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ مختصر فارمیٹ میں بابراعظم اور محمد رضوان کی واپسی کا کوئی امکان نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے سلمان علی آغا کو ٹی20 اور محمد رضوان کو ون ڈے کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سے پہلے یہ خبریں زیرگردش تھیں کہ محمد رضوان سے ون ڈے انٹرنیشنل کی قیادت لے کر سلمان علی آغا کو سونپ دی جائے گی تاہم ایشیاکپ میں سلمان علی آغا کی بدترین کارکردگی کی بدولت مینجمنٹ یہ فیصلہ نہ کرسکی۔

علاوہ ازیں، یہ بھی کہا جارہا تھا کہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت بھی شان مسعود سے لے کر سعود شکیل کو کپتان بنایا جائے گا تاہم جنوبی افریقہ کے دورہ پاکستان کے لیے شان مسعود کو ہی کپتان برقرار رکھا گیا۔

ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور کپتان زیادہ تبدیلیوں کے خواہشمند نہیں ہیں جس کی وجہ سے جنوبی افریقہ کے خلاف صائم ایوب اور وکٹ کیپر بلے باز محمد حارث کو ایک اور موقع دیا جائے گا۔

تاہم، ایشیاکپ کے فائنل میں بھارت کے خلاف بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے حارث روف کو ڈراپ کیا جائے گا اور ان کی جگہ عباس آفریدی یا محمد وسیم جونیئر کو موقع دیا جائے گا۔

علاوہ ازیں، ٹی 20 فارمیٹ میں سابق کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کی واپسی پر اب اتفاق رائے نہ ہوسکا۔

واضح رہے کہ سلمان علی آغا بھارت کے خلاف بطور کپتان 3 میچز میں ناکامی کے بعد تنقید کی زد میں رہے اور ان کی اپنی کارکردگی بھی ایشیاکپ میں بدترین رہی ہے۔

جدید تر اس سے پرانی