جی ایچ کیو حملہ کیس؛ عمران خان کو واٹس ایپ لنک پر پیش کیا گیا

 Former Pakistan PM Imran Khan (C)

راولپنڈی (آئی آر کے نیوز): راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) میں 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت میں عمران خان کو واٹس ایپ لنک پر پیش کیا گیا تاہم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی کی آواز اور شکل واضح نظر نہ آنے پر وکلا صفائی نے کارروائی کا بائیکاٹ کردیا۔

راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت میں 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کے دوران عمران خان کو واٹس ایپ لنک پر عدالت پیش کیا گیا۔

راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس سے متعلق عمران خان کی 2 درخواستوں پر سماعت کی۔

دوران سماعت بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل ملک اور سلمان اکرم راجا عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت وکلا صفائی نے بانی پی ٹی آئی سے بات کرنے کی اجازت طلب کی جس پر عدالت نے وکلا صفائی کی عمران خان سے بات کرادی، تاہم ان کی آواز ڈراپ ہونے اور شکل واضح نظر نہ آنے پر وکلا نے پھر سے کارروائی کا بائیکاٹ کردیا، سلمان اکرم راجا اور وکیل فیصل ملک عدالت سے باہر چلے گئے۔

اس سے قبل، 19 ستمبر کو ہونے والی سماعت کے دوران راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے عمران خان کو جی ایچ کیو حملہ کیس میں ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کرنے کے فیصلے کے خلاف درخواست خارج کردی تھی جس پر ان کے وکلا نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کردیا تھا۔

گزشتہ سماعت پر عمران خان کے وکیل فیصل ملک نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی منصفانہ ٹرائل چاہتے ہیں، اور یہ اسی وقت ممکن ہے جب ملزم عدالت میں ذاتی طور پر موجود ہو۔

عدالت نے عمران خان کی ذاتی حیثیت میں پیشی سے متعلق درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ پنجاب حکومت کے نوٹی فکیشن کے مطابق عدالت میں پیش ہو سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ 9 مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا۔

جدید تر اس سے پرانی