سکھر (آئی آر کے نیوز): سکھر بیراج پر اونچے درجے کے سیلابی ریلے کے باعث کشمور اور شکار پور کے کچے کے علاقے متاثر ہوئے ہیں۔
دریائے سندھ میں گڈو سے آنے والا سیلابی ریلا سکھر بیراج پہنچ گیا جس کے باعث بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب اور شدید طغیانی دیکھی جارہی ہے۔
سیلابی ریلے سے کشمور اور شکار پور کے کچے کے علاقے متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ کپاس اور دیگر فصلیں بھی ڈوب گئی ہیں جب کہ سیلابی پانی خیرپور میں بچاؤ بند وں سے بھی ٹکرا گیا۔
سکھر میں دریائے سندھ کے بیچ میں قائم سادھو بیلہ مندر یاتریوں کےلیے بند کردیا گیا ہے ، مندر کی سیڑھیاں اورکشتیوں کیلئے بنایا گیا پلیٹ فارم بھی پانی میں ڈوب گیا ہے۔
اس کے علاوہ لاڑکانہ موریالوپ بند پر بھی پانی کا بہاؤ بڑھنے سےکچے کے مزید دیہات زیر آب آگئے جس کے باعث متاثرہ دیہات کی مجموعی تعداد 30 ہوگئی ہے۔
تاہم متاثرہ علاقوں کے مکینوں نے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے سے انکار کردیا ہے جب کہ لاڑکانہ سیہون بچاؤ بند پر کچے کے مکینوں میں ملیریا اور جلدی امراض بھی پھیل رہے ہیں۔